کل (27 اکتوبر کو) کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کا دن ہے، اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں بھرپور انداز میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
کل صبح 10 بجےکشمیری شہداء کی یاد میں 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک مرکزی یکجہتی واک کا انعقاد کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت کی شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات، وزارتِ خارجہ، پی ٹی اے اور اسلام آباد پولیس نے بھی اس حوالے سے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں، چوراہوں اور سرکاری عمارتوں پر یومِ سیاہ کے پوسٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد، مظفر آباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں یومِ سیاہ پر ریلیاں اور واکس منعقد ہوں گی، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔