• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں: صدرمملکت آصف علی زرداری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کا دارومدار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر ہے، بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بھارتی افواج کا سری نگر پر قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی۔

صدر آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے، کشمیری نسل در نسل بھارتی ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی 5 اگست 2019ء کی کارروائیاں غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہیں، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے بھارت نے عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کی۔

اِن کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر اجتماعی سزائیں، املاک کی تباہی اور فوجی محاصرہ ناقابلِ قبول ہیں۔ جعلی مقابلے، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں بھارتی جبر کی علامت ہیں، بھارت کشمیریوں کو ان کی ہی سرزمین میں اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام کرتے ہیں، یومِ سیاہ کشمیر پر پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہی ہے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

قومی خبریں سے مزید