پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی غلطیوں سے سیکھا، اب انہیں دہرانا نہیں چاہتے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا نے کہا کہ ایشیا کپ میں کافی کچھ سیکھا ہے، غلطیوں سےسیکھ کر ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غلطیوں پر بات ضرور کی جاتی ہے کیونکہ غلطیوں کو دہرانا نہیں چاہتے، میری کوشش ٹیم کو جتوانے کی ہوگی۔
ٹی20 کپتان نے مزید کہا کہ جس گراؤنڈ پر بھی جاتے ہیں، اُس کے اعداد و شمار دیکھتے ہیں، گراؤنڈ کے اوسط اسکور سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ٹی20 ورلڈ کپ تک اسٹریٹیجی یہی رہے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری انفرادی پرفارمنس حالیہ دو تین سیریز سے اچھی نہیں رہی، میری پہلی ترجیح بیٹنگ کی طرف ہوتی ہے، ٹی20 میں ضرورت پڑی تو بولنگ بھی کروں گا۔
سلمان علی آغا نے یہ بھی کہا کہ بابراعظم کے پاس 100سے زیادہ میچز کا تجربہ ہے، وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، شمولیت سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مائک ہیسن مجھے پیغام نہیں بھیجتے، میں خود گراؤنڈ میں فیصلہ کرتا ہوں، ڈیتھ اوور میں بولنگ میں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ میں کپتان ہوں، میری رائے بھی سلیکشن میں رہتی ہے، بیٹرز کو اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہے، عبدالصمد، حسن نواز، محمد نواز پاور ہٹنگ کےلیے استعمال ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ٹرائی نیشن سیریز، ایشیاکپ کا فائنل کھیلنا مثبت پوائنٹ ہے، پنک میچ پہلی بار ہو رہا ہے، جس کے لیے بہت پر جوش ہوں، 15 کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں، جو موجود نہیں اس کو یاد کرنے کا فائدہ نہیں۔