ریاض میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے چیئرمین پولیو اوورسائیٹ بورڈ ڈاکٹر کرس ایلس اور ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ملاقاتوں میں پولیو کے خاتمے کےلیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کےلیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی تشکیل دی گئی ہے اور ملک بھر میں اعلیٰ معیار کی انسدادِ پولیو مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جنوبی خیبر پختونخوا اور کراچی سمیت ہائی رسک اضلاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ انکاری کیسز میں مذہبی اور سماجی رہنماؤں کی مدد سے نمایاں کمی آئی ہے۔
چیئرمین پولیو اوورسائیٹ بورڈ ڈاکٹر کرس ایلس نے پولیو کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر سطح پر بھرپور تعاون جاری رہے گا۔