• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا تاریخی اقدام، آئمہ مساجد کیلئے ماہانہ وظیفے کا اعلان، دنیا بھر میں خراجِ تحسین

قاری علی حسن—
قاری علی حسن—

جاپان سمیت دنیا بھر کے مذہبی و سماجی حلقوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس تاریخی فیصلے کو سراہا ہے، جس کے تحت پنجاب کی 65 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسلامک سینٹر تجوید القرآن جاپان کے چیئرمین قاری علی حسن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے کئی پس ماندہ علاقوں میں انتہائی تعلیم یافتہ اور صاحبِ علم آئمہ کرام انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، ان میں سے اکثر کا وظیفہ یا تو چندے پر منحصر ہوتا ہے یا انہیں گندم و غلّے کی شکل میں معمولی اعانت دی جاتی ہے، جو ان کی مالی پسماندگی کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا یہ فیصلہ اگرچہ ان کے مسائل کا مکمل حل نہیں، مگر یہ آئمہ کرام کے لیے ایک بڑا سہارا اور قابلِ قدر سپورٹ ہے، جو ان کی خدمتِ دین کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔

قاری علی حسن کے مطابق یہ اقدام مریم نواز شریف اور حکومتِ پنجاب کے دینی طبقات کے ساتھ مثبت تعلقات کی علامت ہے، دنیا بھر، بالخصوص جاپان، خلیجی ممالک اور یورپ میں موجود علماءنے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مزید برآں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مساجد کی تعمیر و مرمت کے لیے چندے کے بجائے انہیں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کیا جائے گا، تاکہ عبادت گاہوں کے امور شفاف اور منظم انداز میں انجام دیے جا سکیں۔

قومی خبریں سے مزید