• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کا بازار گرم ہے: صدر آصف زرداری

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کا بازار گرم ہے۔

گلگت بلتستان کے 78ویں جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر طویل عرصے سے بھارت کے مظالم کا شکار ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔ بھارت میں کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔

آصف علی زرداری کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہوتی ہے یہ میرا گھر ہے، آپ کی بہادری کو تاریخ کبھی نہیں بھلا سکتی، 1947 میں آپ نے جہاد کر کے پاکستان میں الحاق کیا، 1947 کی جنگ میں آپ کے 1700 جوان شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ایف سی آر کو ختم کیا، ہماری حکومت نے آپ کو قانون ساز اسمبلی دی، آپ کی ہر وادی میں اسکول ہونا چاہئیں، گلگت بلتستان میں معدنیات ہیں، گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کو اپنی ایئر لائن ملنی چاہیے، یہ پہاڑ آپ کا اور میرا سرمایہ ہیں، آج کا زمانہ کمیونیکیشن کا زمانہ ہے۔

سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک فیز ٹو کامیابی سے اپنے مراحل طے کر رہا ہے، گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر گلگت بلتستان نے صدر کو روایتی ٹوپی پہنائی اور آصف زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید