پاکستانی اداکار زاہد احمد اپنے منفرد اندازِ اداکاری اور سنجیدہ خیالات کے باعث پہچانے جاتے ہیں، انہوں نے متنازع ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ پر شدید تنقید کی ہے۔
زاہد احمد نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا، اس کے بعد تھیٹر اور پھر ٹی وی تک پہنچے، انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس نوعیت کا شو پاکستان کے لیے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ میں یقین نہیں کر سکتا کہ ایسا فحش شو پاکستان میں بنایا گیا ہے، میں کبھی کسی ایسے پروگرام کا حصہ نہیں بنوں گا جو بے حیائی یا فحاشی کو فروغ دے۔
زاہد احمد نے بتایا کہ میں نے اس شو کے پروڈیوسر کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو مجھے معلوم ہوا کہ اس شخص نے پاکستانی میزبان اور شرکا کے ساتھ شو تیار کر کے اسے یوٹیوب پر جاری کیا ہے تاکہ پیمرا کے ضوابط سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں عائشہ عمر (شو کی میزبان) سے اس بارے میں بات نہیں کروں گا کیونکہ میری ذاتی دوستی نہیں ہے۔
زاہد احمد نے تنبیہ کی کہ ایسے شوز دراصل ایک مخصوص ذہنی ایجنڈے کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے میں اخلاقی حدود کو دھندلا کیا جا سکے۔