• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کو مشورے نہیں دیتا، تخلیقی لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں ہوتی، شاہ رخ خان

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے گذشتہ روز اپنی ساٹھویں سالگرہ شاندار انداز میں منائی۔ اگرچہ حفاظتی وجوہات کے باعث وہ اپنے بنگلے ’منت‘ کی بالکونی سے مداحوں کو ہاتھ نہیں ہلا سکے، لیکن ممبئی میں منعقدہ ایک عظیم فین میٹ اینڈ گریٹ تقریب میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ خوبصورت لمحے شیئر کیے۔

اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘، نیشنل ایوارڈ اور اپنے بچوں سہانا خان اور آریان خان کے بارے میں بات کی، جو اب خود بھی فلمی دنیا کا حصہ بن چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سہانا خان نے 2023 میں فلم ’دی آرچیز‘ سے اداکاری کا آغاز کیا جبکہ آریان خان اپنی ہدایت کاری کے کیریئر کا آغاز کرچکے ہیں۔

تقریب کے دوران جب شاہ رخ سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اپنے بچوں کو کیریئر سے متعلق کوئی مشورہ دیا ہے تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں انہیں زیادہ نہیں کہتا کیونکہ تخلیقی لوگوں کو زیادہ سمجھانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہو نے مزید کہا کہ میں 35 سال سے فلموں میں کام کر رہا ہوں، تو یہ بات ان کے ذہن میں آ سکتی ہے کہ پاپا کی بات ماننی پڑے گی کیونکہ وہ شاہ رخ خان ہیں، لیکن میں نہیں چاہتا کہ وہ یہ بوجھ محسوس کریں۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ سہانا اداکاری کر رہی ہے اور آریان لکھتا اور ہدایت کاری کرتا ہے۔ وہ خود کام کرتے ہیں اور جب کبھی انہیں میری رائے کی ضرورت ہوتی ہے تو پوچھ لیتے ہیں۔ کبھی میں تعریف کرتا ہوں، کبھی تنقید۔ لیکن آخر میں میں ہمیشہ کہتا ہوں تم وہی کرو جو تمہیں ٹھیک لگے۔

شاہ رخ نے بتایا کہ آریان اپنے ہدایتکاری کے کیریئر کے آغاز سے قبل کافی جھجک محسوس کر رہا تھا۔ آریان کو یقین نہیں تھا کہ وہ خود ہدایت کاری کر پائے گا یا کسی اور کو لانا چاہیے۔ مگر میں نے کہا کہ جو لکھتا ہے، وہ جب خود ڈائریکٹ کرے تو بہتر فلم بناتا ہے۔ میں نے اسے کہا دل کی سنو، جو ہوگا دیکھا جائے گا۔

شاہ رخ خان کے یہ الفاظ سن کر وہاں موجود فینز نے زبردست تالیاں بجائیں۔ 

اب مداح سھارتھ آنند کی ہدایت میں بننے والی فلم ’کنگ‘ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، جس میں شاہ رخ خان کے ساتھ سہانا خان، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن اور رانی مکھرجی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔ فلم آئندہ سال سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید