پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی معروف سابقہ آف اسکرین جوڑی اداکار احد رضا میر اور اداکارہ سجل علی کے مداح اپنی پسندیدہ جوڑی کو اب ایک بار پھر ایک ساتھ دیکھ سکتے ہیں۔
ڈرامہ سیریل یقین کا سفر سے شروع ہونے والی احد اور سجل کی محبت کی کہانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، محبت کی یہ کہانی جلد شادی کے بندھن میں بندھ گئی اور کچھ عرصہ ساتھ رہنے کے بعد ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
احد اور سجل کی جوڑی جتنی آن اسکرین پسند کی جاتی ہے اتنی ہی آف اسکرین بھی، مگر ان کی علیحدگی کے بعد ان کے مداح مایوس ہوگئے تھے۔ تاہم اس جوڑی کے مداحوں کو اب اس جوڑی کو آن لائن دیکھنے کا موقع مل گیا ہے۔
ویب سیریز دھوپ کی دیوار میں یہ جوڑی ایک بار پھر ایک ساتھ دکھائی دے رہی ہے۔
احد اور سجل کی ویب سیریز دھوپ کی دیوار کا مداحوں کو ایک طویل عرصے سے انتظار ہے تاہم اب یہ انتظار ختم ہوگیا۔
پاکستانی شوبز کی مقبول جوڑی کا مذکورہ آخری پروجیکٹ آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی پر جاری کیا گیا تھا جسے پاکستانی صارفین نہیں دیکھ سکے تھے تاہم اب اس سیریز کو یوٹیوب چینل زندگی پر پیش کیا جارہا ہے، اس کی پہلی قسط سامنے آ چکی ہے جو پاکستانی صارفین کے لیے بھی میسر ہے۔
سیریز کی کاسٹ میں احد اور سجل کے علاوہ منظر صہبائی، ثمینہ احمد، زیب رحمٰن، سمیعہ ممتاز، سویرا ندیم، عدنان جعفر، رضا طالش اور زارا ترین بھی شامل ہیں۔ اسے عمیرہ احمد نے لکھا اور حسیب حسن نے ہدایت دی ہے۔