سپریم کورٹ آف انڈیا نے ایئر انڈیا کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے کیس کی سماعت کے دوران پائلٹ کے والد کو مخاطب کیا اور کہا کہ اِن کے بیٹے کو حادثے کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں۔
ایئر انڈیا کے پائلٹ کے والد نے عدالت میں حادثے کی منصفانہ، شفاف اور آزادانہ تحقیقات کروانے کی درخواست دائر کی ہے کیوں کہ بھارتی میڈیا پر حادثے کی وجہ پائلٹ کو قرار دیا جارہا تھا۔
حادثے پر ہونے والی آج کی سماعت کے دوران عدالت نے پائلٹ کے والد کو مخاطب کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ’یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن آپ اپنے بیٹے کو قصوروار ٹھہرا کر یہ بوجھ اپنے سر نہ لیں۔‘
سپریم کوٹ آف انڈیا نے یہ بھی کہا کہ میڈیا اور بعض رپورٹس نے تحقیقات سے قبل حادثے کو پائلٹ کی غلطی کا تاثر دیا ہے جو کہ ناانصافی ہے۔
واقعے کا پس منظر
ایئر انڈیا کے طیارے (فلائٹ AI 171) نے 12 جون 2025ء کو بھارت کے شہر احمد آباد سے لندن کے لیے پرواز بھری تھی۔
طیارہ ٹیک آف کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا جبکہ اس میں سوار تقریباً تمام مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔
ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق طیارے کے دونوں انجنز میں فیول ختم ہوگیا تھا اور طیارے کو ایندھن کی فراہمی رک گئی تھی۔