بھارت سے ایک بس ڈرائیور کی ممبئی سے حیدرآباد تک رات گئے سفر کے دوران تقریباً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون پر رئیلٹی شو ’بگ باس‘ دیکھتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں بس ڈرائیور رات کے وقت ڈرائیوگ کے دوران اسٹیئرنگ وہیل کے نیچے اپنے فون پر بگ باس دیکھتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔
یہ ویڈیو ایک مسافر نے ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا، ’حادثات کی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے‘۔
مسافر کی جانب سے شیئر کی گئی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے اس پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انکوائری شروع کی اور ڈرائیور کو ملازمت سے نکال دیا۔
اس معاملے پر ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں لکھا گیا کہ اس طرح کے واقعات بہت کم ہی پیش آتے ہیں اور اس طرح کے مسائل کی طرف ہماری توجہ دلانے کے لیے ہم مسافروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بیان میں مزید لکھا کہ ہم نے اپنے تمام ڈرائیورز کو ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کرنے کی سخت ہدایات دی ہیں اوراس ناخوشگوار تجربے کے لیے تمام مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔