بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع پرتاب گڑھ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راجیش مشرا نامی اسمگلر کو گرفتار کرکے اس کے گھر سے 2 کروڑ روپے نقدی اور بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
راجیش مشرا نے اپنے گھر کو نقدی سے بھرا ایک غیر قانونی بینک بنا رکھا تھا، پولیس جب چھاپہ مارا اور نوٹ برآمد کیے تو انہیں گننے میں اہلکاروں کے پسینے چھوٹ گئے۔
پولیس نے راجیش مشرا کے ساتھ اس کی بیوی رینا مشرا، بیٹی کومل مشرا، بیٹا ونیایک مشرا، اور بھتیجے یش اور اجیت مشرا کو بھی گرفتار کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ یہ خاندان گانجا کی ریاست گیر سپلائی میں براہِ راست ملوث تھا۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
چھاپے کے دوران ملنے والے کرنسی نوٹوں کو گننے کیلئے 4 مشینیں منگوانا پڑیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون پولیس اہلکار گنتی کے دوران تھک کر بار بار وقفہ لیتی رہیں، پولیس نے الماریوں، بکسوں، کنٹینرز اور بستروں کے اندر چھپائے گئے نوٹ برآمد کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راجیش مشرا جیل کے اندر سے اپنی بیوی رینا مشرا کے ذریعے گانجا سپلائی کا پورا نیٹ ورک کنٹرول کر رہا تھا۔ رینا نے شوہر کی ہدایت پر قریب کے دیہات میں دھندہ پھیلا رکھا تھا۔
گرفتاری کے دوران رینا مشرا نے خود کو کمرے میں بند کر کے پولیس کو روکنے کی کوشش کی، تاہم اہلکاروں نے دروازہ توڑ کر اسے گرفتار کر لیا۔