وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کچہری میں آج ہوئے خود کش دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آ گئی۔
ویڈیو میں دھماکے سے قبل وکلاء اور شہریوں کی بڑی تعداد اور پولیس موبائل وین کو جائے وقوع پر دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پمز اسپتال اسلام آباد کے ترجمان ڈاکٹر مبشر کے مطابق دھماکے میں اب تک 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پمز اسپتال منتقل کیے جانے والے زخمی افراد کی تعداد 30 ہے، جبکہ زخمیوں میں سے 4 سے 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان پمز نے یہ بھی بتایا ہے کہ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خود ایمرجنسی میں موجود ہیں، تمام ڈاکٹرز اس وقت زخمیوں کی جان بچانے میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں واقع جی الیون کچہری کے باہر بھارتی اسپانسرڈ اور افغان طالبان کی پراکسی فتنہ الخوارج کے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر بھی مل گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کچہری آیا ہے جس نے پولیس موبائل کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔