دبئی میں بڑھتے ٹریفک کا مسئلہ بہت جلد حل ہونے والا ہے، پہلی فضائی ٹیکسی کی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کر لی گئی ہے، جس کی عوامی سروس 2026 میں شروع ہوگی۔
یہ برقی توانائی سے چلنے والی ایئر ٹیکسی امریکی کمپنی جوبی ایوی ایشن (Joby Aviation) کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔
آزمائشی پرواز مرغم انڈسٹریل اینڈ لاجسٹک حب سے دبئی ورلڈ سینٹرل (المکتوم ایئرپورٹ) تک انجام دی گئی، جو کہ دبئی ایئر شو 2025 سے قبل ایک تاریخی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کو منصوبے کی تازہ پیش رفت پر بریفنگ دی۔
یہ منصوبہ دبئی کے اسمارٹ، پائیدار اور مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ ہے جس کے ذریعے شہر کے ٹریفک مسائل میں نمایاں کمی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ برقی فضائی ٹیکسی ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ اور نہایت کم شور کرنے والی ہے، یہ 320 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتی ہے اور چار مسافروں کو بیک وقت لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دبئی حکام کے مطابق اگلا مرحلہ شہری علاقوں میں آزمائشی پروازوں کا ہوگا، جس کے بعد 2026 میں عوام کے لیے یہ سروس باقاعدہ شروع کی جائے گی۔
اسکائی پورٹس انفراسٹرکچر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہلا ایئر ٹیکسی ورٹی پورٹ تعمیر کر رہی ہے، جس میں دو لینڈنگ پیڈز اور جدید سہولیات شامل ہوں گی۔