ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہیں، دہشت گردی کسی مذہب، نسل یا سرحد کو نہیں مانتی، دہشت گردی قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔
انہوں نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس 2025 میں تمام معزز مہمانوں اور مندوبین کو خوش آمدید کہا۔
کانفرنس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس پاکستان کی سفارتی کوششوں میں ایک اور سنگِ میل ہے، پارلیمانی سفارت کاری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر اُجاگر کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی حالات میں مکالمہ اور تعاون ہی امن و ترقی کا راستہ ہیں، یو این چارٹر کے اصول پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کو استحکام اور ترقی کا ذریعہ سمجھا ہے۔
وزیرخارجہ نے اسلام آباد اور وانا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں 15 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، دہشت گردی کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہیں، دہشت گردی کسی مذہب، نسل یا سرحد کو نہیں مانتی، دہشت گردی قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے، ہم نے سلامتی کونسل میں تنازعات کے پرامن حل سے متعلق قرارداد پیش کی، بین الاقوامی تعاون میں مقابلے کے بجائے شراکت داری کو فروغ دینا ہوگا، پاکستان ترقی پذیر دنیا کی آواز بن کر پل کا کردار ادا کرتا رہے گا، بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس مکالمے اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔