ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی دہشت گرد گروہ ٹی ٹی پی یا بی ایل اے سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ امید ہے افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں گے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، افواج پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان رجیم کے دوران دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوا، افغان رجیم اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے، امید ہے افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حال ہی میں استنبول میں پاکستان افغان طالبان کا مذاکراتی دور ہوا، پاکستان ترکیے اور قطر کی ثالثی پر ان کا مشکور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں افغان حکومت کے ساتھ تعلقات میں مثبت روش اختیار کی، افغان طالبان حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہ دیا گیا، طالبان حکومت افغانستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو انسانی مسئلہ بنا کر پیش کر رہی ہے، دہشت گردوں کی افغانستان میں موجودگی اور پناہ گاہیں بالکل انسانی مسئلہ نہیں۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ طالبان حکومت میں موجود عناصر پاکستان میں افغان پالیسی پر اختلافات کی موجودگی کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، یہ پروپیگنڈا حقائق کے منافی اور غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان پشتون قومیت کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، افغانستان سے زیادہ پشتون آبادی پاکستان میں مقیم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردی کو جائز قرار دینے کے فتوے دیے گئے، پاکستان کے اندر سرگرم دہشتگرد گروہ افغان شہریوں پر مشتمل ہیں، پاکستان دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللّٰہ دوم کل سے پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، شاہ عبداللّٰہ دوم وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر 15، 16 نومبر کو دورہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان برسوں پر محیط برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، شاہ اردن کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دورے سے پاکستان اردن تعلقات کی اسٹریٹجک سمت مزید مضبوط ہوگی، یہ تعلقات سیاسی، معاشی اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور وسیع شراکت داری کی جانب گامزن ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران شاہ عبداللّٰہ دوم صدرِ پاکستان اور وزیرِاعظم سے ملاقاتیں کریں گے، دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوانِ صدر میں ایک خصوصی تقریبِ منعقد ہوگی، تقریب میں شاہ عبداللّٰہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، یہ دورہ دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار اور شعبوں میں وسعت پیدا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آذربائیجان کی دعوت پر باکو کا دورہ کیا، آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی، آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب کے موقع پر ترکیے کے صدر سے ملاقات کی، کانفرنس کے موقع پر نائب وزیر اعظم نے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، نائب وزیر اعظم نے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سندھ طاس پر عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کو دیکھا ہے، پاکستان نے عدالتی فیصلے کے نوٹس لیے ہیں، 17 سے 21 نومبر کو مزید عدالتی سماعت ویانا میں ہوگی، بھارت کی عدم شرکت اس سماعت کو روک نہیں سکتی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کا جوہری تجربات پر بیان دیکھا ہے، اس پر بھارتی پروپیگنڈا منفی، غلط اور بےبنیاد ہے۔ پاکستان نے 28 مئی 1999 کو آخری جوہری تجربہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا جوہری سیفٹی اور سیکیورٹی پر ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔ گزشتہ برس بھابھا نیوکلئیر ری ایکٹر سے چوری شدہ مواد بلیک مارکیٹ میں فروخت ہو رہا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جارجیا اور آذربائیجان سرحد پر ہونے والے ترکیہ کے طیارہ حادثے پر افسوس ہے۔