وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے درندے ہیں، ان کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔
محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا۔ کیڈٹ کالج آمد پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا جنوبی میجر جنرل مہر عمر خان نے وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیرداخلہ نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور کیڈٹس و ٹیچرز کو ریسکیو کرنے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی جرات و پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور تمام طلبا و ٹیچرز کو ریسکیو کرنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جنہوں نے کیڈٹ کالج پر حملہ کیا وہ درندے ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا اور ان درندوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ ان درندوں کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور ایف سی نے تمام طلبا اور ٹیچرز کو بحفاظت ریسکیو کر کے بہادری اور پروفیشنل ازم کی اعلی مثال قائم کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی۔ دشمن یہاں سانحہ اے پی ایس جیسی کارروائی کرنا چاہتا تھا۔ پاک فوج کے دلیر جوانوں نے حملہ ناکام بنایا اور خوارجیوں کو جہنم واصل کرکے سازش ناکام بنائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام طلبا کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے افسر وجوان قوم کے ہیرو ہیں۔