• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردن کے شاہ عبداللہ پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا استقبال کیا، فوٹو / پی آئی ڈی
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا استقبال کیا، فوٹو / پی آئی ڈی 

اردن کے شاہ عبداللّٰہ پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈے پر شاہ عبداللّٰہ کا استقبال کیا۔

شاہ عبداللّٰہ دوم کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پاکستانی فضائی حدود میں آمد پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاہی طیارے کو حفاظتی حصار فراہم کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا استقبال کیا، وفاقی وزراء، خاتون اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آصف زرداری کا کہنا ہے کہ شاہ عبداللّٰہ دوم کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو نئی اسٹریٹجک جہت دے گا، پاکستان اور اردن کے تعلقات تاریخی برادری، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر قائم ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے سے پاکستان اردن تعلقات کی اسٹریٹجک سمت مزید مضبوط ہوگی، شاہ عبداللّٰہ دوم صدر اور وزیرِ اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایوان صدر میں شاہ عبداللّٰہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق شاہ عبداللّٰہ کی شہباز شریف کے ساتھ وزیرِ اعظم ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات ہوگی، دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔

شاہ عبداللّٰہ دوم کا دورہ پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید