• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ۔ فوٹو پی آئی ڈی
پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا ۔ فوٹو پی آئی ڈی 

اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے غزہ جنگ بندی کے لیے 8 اسلامی ممالک کے باہمی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے شاہ عبداللّٰہ اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

شاہ عبداللّٰہ نے غزہ تنازعہ اور جنگ کے بعد استحکام کی کوششوں میں اردن کے کردار کےلیے پاکستان کی حمایت کی تعریف کی، دونوں رہنماؤں نے غزہ کے حوالے سے پاکستان اور اردن کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے شاہ عبداللّٰہ کو افغانستان اور بھارت کےساتھ معاملات سے بھی آگاہ کیا،  شاہ عبداللّٰہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کے کلیدی کردار کو تسلیم کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے درمیان اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی فائدہ مند تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، ملاقات میں علاقائی سلامتی، امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت، تعلیم کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید