• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصلی فیصلہ عوام کا ہونا چاہیے، ان کی تعریف ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے: سید جبران

تصویر:سوشل میڈیا
تصویر:سوشل میڈیا

معروف پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم اداکار سید جبران نے اداکاروں کے ٹی وی پر اپنے ساتھی فنکاروں پر تنقید کرنے والے شوز سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

سید جبران اپنی بہترین اداکاری اور منفی کرداروں کی مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں، انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ میں جب میزبان نے ڈراموں پر تنقید کرنے والے شو کے اداکاروں کے پینل کی ساکھ کے بارے میں سوال کیا، تو سید جبران نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ وہ میرے ڈرامے کی تعریف کر رہے ہیں، لیکن میں اس شو کی حمایت نہیں کرتا جہاں اداکار ٹی وی پر بیٹھ کر اپنے ساتھی اداکاروں پر تنقید کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہالی ووڈ یا بالی ووڈ میں ایسا کبھی نہیں دیکھا، ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے یہ شو اس لیے شروع کیا کیونکہ کچھ اور نہیں تھا، یہی اس شو کے حوالے سے لوگوں کی سب سے بڑی شکایت ہے، سوال یہ ہے کہ پینل کی کیا ساکھ ہے؟ کیا ایک اداکار کو دوسرے اداکار پر تنقید کرنے کا حق ہے؟ اصلی فیصلہ عوام کا ہونا چاہیے، ان کی تعریف ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ڈرامے عوام کے لیے بناتا ہوں، میرا فوکس ساتھی اداکار نہیں بلکہ ناظرین ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میرے فینز میرا کام پسند کریں اور اگر انہیں اچھا لگے تو میں صحیح کر رہا ہوں، اگر کہیں کہ میری اداکاری اچھی نہیں تھی تو پھر مجھے اپنی مہارت پر کام کرنا ہوگا، ساتھی اداکار تعصب رکھ سکتے ہیں، اگر وہ میرا دوست ہے تو تعریف کرے گا، اگر پسند نہ کرے تو منفی کہہ سکتا ہے، میں اداکاروں کو خوش نہیں کرتا، بلکہ اپنے فینز کو خوش کرنا چاہتا ہوں، اگر لوگ ایسے شوز کرنا چاہتے ہیں تو کریں، لیکن میں انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتا، اسی طرح میں ایوارڈز کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید