کراچی (نیوز ڈیسک) حماس اور فلسطینی تنظیموں نے غزہ میں استحکام فورسز کی تعیناتی کا منصوبہ مسترد کردیا، الجزائرسے غزہ میں 20ہزار غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی کے منصوبے کو سلامتی کونسل میں مسترد کرنے کا مطالبہ،جنوبی غزہ پر اسرائیلی بمباری، مزید 3فلسطینی شہید، متعدد زخمی ، نابلس میں پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران فائرنگ، فلسطینی لڑکا شہید،طوباس میں بھی صیہونی فورسز کی کارروائیاں، 3 فلسطینی نوجوان زخمی ، غزہ میں موسم سرما کی بارشوں سے تباہی، خیموں میں پانی بھر گیا ، لاکھوں فلسطینی بے یارومددگار ۔تفصیلات کے مطابق جنوبی غزہ پر اسرائیلی بمباری اور حملوں میں مزید 3فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ،فلسطینی ہلال احمر نے الجزیرہ کو بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس کے مشرق میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی چھاپے کے دوران 15سالہ فلسطینی لڑکا اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوگیا ہے، طوباس میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے تین فلسطینی لڑکوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا ،ان کی عمریں16سے 18برس کے درمیان تھیں، اسرائیلی فوجیوں نے ان میں سے ایک نوجوان کو طبی امداد دینے سے بھی روکا اور اسے گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے ۔غزہ میں اسرائیلی بمباری کیساتھ ساتھ موسم سرما کی بارشوں نے بھی تباہی مچادی ہے ، غزہ سٹی میں عارضی کیمپوں میں موجود بے گھر فلسطینی شدید بارشوں کے بعد اپنے خیموں میں پانی بھر جانے سے پریشان ہیں، جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ امداد پر اسرائیلی پابندیوں نے لاکھوں خاندانوں کو مناسب پناہ گاہ کے بغیر چھوڑ دیا ہے۔