• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ایڈا ریو ویلفیئر میں ’خسرہ و روبیلا اور پولیو ویکسین مہم 2025‘ کا افتتاح

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ایڈا ریو اسکولز اینڈ کالجز فار دی بلائنڈ اینڈ ڈیف میں محکمہ صحت سندھ نے اقوامِ متحدہ کے ادارۂ اطفال (یونیسف)، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او)، گاوی، گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے ’خسرہ و روبیلا (ایم آر) اور پولیو ویکسین (او پی وی) مہم 2025‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ 

تقریب میں صوبائی وزراء، سرکاری سیکریٹریز، ترقیاتی شراکت داروں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، طبی انجمنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، جس سے سندھ بھر میں خسرہ، روبیلا اور پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہوا۔

مہم 17 تا 29 نومبر جاری رہے گی، اس دوران ایم آر ویکسینیشن 30 اضلاع میں 6 سے 59 ماہ کی عمر کے بچوں کو لگائی جائے گی، جبکہ او پی وی مہم 23 ہائی رسک اضلاع میں 59 ماہ تک کے بچوں کےلیے ہوگی۔ مہم کا ہدف 82 لاکھ (ایم آر) اور 84 لاکھ (او پی وی) بچے ہیں۔

2025 میں سندھ میں خسرہ کی صورتحال تشویشناک رہی، جس کے دوران 9,431 مشتبہ کیسز، 4,283 تصدیق شدہ کیسز اور 57 اموات رپورٹ ہوئیں، جن میں 81 فیصد مریض پانچ سال سے کم عمر کے بچے تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق یہ اعداد و شمار صوبہ بھر میں سخت اور مربوط ویکسینیشن مہم کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہیں۔ 

ایڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر نادرہ پنجوانی نے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا خیر مقدم کیا اور ایسوسی ایشن کی خدمات کا ذکر کیا۔ صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ ہر بچے تک زندگی بچانے والی ویکسین پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچوں کا تحفظ ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے۔ یہ مربوط مہم وباؤں کے پھیلاؤ کو روکے گی، اموات میں کمی لائے گی اور ویکسینیشن پر عوام کا اعتماد مضبوط کرے گی۔

سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ نے مہم کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کی مائیکرو پلاننگ، لاجسٹکس اور ویکسین کی دستیابی کی باریک بینی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ یونیسف، ڈبلیو ایچ او، گاوی، گیٹس فاؤنڈیشن اور ای او سی کے نمائندوں نے سندھ کی قیادت کی تعریف کی اور ویکسین کی ترسیل، کمیونٹی شمولیت اور ڈیٹا پر مبنی نگرانی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

قومی خبریں سے مزید