پاکستان اور انڈونیشیا کی مشترکہ فوجی مشق شاہین اسٹرائیک ٹو کا انعقاد کیا گیا، جو 8 تا 19 نومبر انسدادِ دہشت گردی کے ڈومین میں منعقدہوئی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں پاک فوج اور انڈونیشین آرمی کی کامبیٹ ٹیموں نے حصہ لیا، مشق میں تمام تربیتی مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا باضابطہ اختتام 18 نومبر کو ہوا۔ اختتامی تقریب میں پاکستان کی جانب سے ایک جنرل آفیسر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ انڈونیشیا کی جانب سے سینئر عسکری حکام نے نمائندگی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ تربیت کا مقصد انسدادِ دہشت گردی سے متعلق ڈرلز، طریقہ کار اور تکنیکس کو مزید بہتر بنانا تھا، مشق میں گنجان آباد علاقوں میں کارروائیوں اور کاؤنٹر آئی ای ڈی اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین اسٹرائیک نے پاک انڈونیشیا دیرینہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔