سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں 17 اور 18 نومبر کے دوران کی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا اور خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 1 خارجی کو ہلاک کیا گیا۔
شمالی وزیرستان کے علاقوں اسپین وام اور ذاکر خیل میں بھی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیے گئے، جہاں کارروائیوں میں 2 مزید خوارج ہلاک کیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور کارروائی میں 1 اور خارجی کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم ان ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا ہے کہ یہ خوارج ان علاقوں میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے، علاقےمیں موجود بھارتی پشت پناہی یافتہ خوارجیوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔