• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے عامر ڈوگر کے خط کا جواب دیدیا

فائل فوٹو، قومی اسمبلی
فائل فوٹو، قومی اسمبلی

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایم این اے عامر ڈوگر کے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی سے متعلق خط کا جواب دے دیا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق عامر ڈوگر نے 6 اکتوبر کو اسپیکر سردار ایاز صادق کو اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کےلیے خط لکھا تھا، جس کا جواب دے دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق خط میں بتایا گیا کہ قواعد و ضوابط میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا مکمل طریقہ کار واضح ہے۔ اسپیکر کے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی نشست کے خالی ہونے کے اعلان سے قبل نامزدگی کے لیے نام جمع نہیں کرائے جاسکتے۔

خط میں جواب دیا گیا کہ قواعد کے تحت اسپیکر اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے تاریخ، وقت اور مقام کا اعلان کرتے ہیں۔ اسپیکر اس رکن کو قائد حزب اختلاف نامزد کرتے ہیں، جسے اپوزیشن اراکین کی اکثریت کی حمایت حاصل ہو۔

خط کے متن کے مطابق ماضی میں بھی اسپیکر کی جانب سے ارکان کو ہاؤس میں باقاعدہ اعلان کے ذریعے آگاہ کیا جاتا رہا ہے، اسپیکر کا اعلان ضروری ہے تاکہ کوئی بھی رکن اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے درخواست جمع کروا سکے۔

جوابی خط میں مزید کہا گیا کہ عام انتخابات کے بعد بھی اپوزیشن لیڈر کی نشست پر تقرری کے لیے یہی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ عمر ایوب کی رٹ پٹیشن پر آئینی بینچ نے نااہلی کیس کو واپس پشاور ہائی کورٹ کو بھیجا ہے، یہ معاملہ عدالت عالیہ پشاور میں زیر التوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید