پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے بانی چیئرمین کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے کی مذمت کی ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے بانی چیئرمین کی بہنوں کے ساتھ پریس کانفرنس کی، جس میں کہا گیا کہ کل وکلاء، خواتین اور منتخب نمائندوں کے ساتھ جو ہوا، وہ ظلم تھا۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں عدالت سے احکامات ملے اور جیل کے مینول کے مطابق ملاقات کی اجازت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 ہفتے قبل شاہراہ پر دھرنے کی وجہ سے ایک بہن کو ملنے دیا گیا، ہم نے واضح کیا کہ اگر ملنے نہ دیا تو احتجاج اور دھرنا دیں گے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ پولیس نے کہہ دیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تب تک نہیں ہو سکتی، جب تک حکم نہیں آئے گا۔
اس موقع پر عظمیٰ خان نے کہا کہ ہم نے کل درخواست کی تھی کہ ہم بھائی کو دیکھ آئیں گے تو ہمیں تسلی ہو جائے گی۔
علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ دنیا کی کسی تہذیب میں عورتوں پر ہاتھ نہیں اٹھایا جاتا، کل ظلم کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما شاہد خٹک نے کہا کہ کل ہم اڈیالہ کے باہر پر امن طریقے سے احتجاج کر رہے تھے، ہمارے ساتھ موجود خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق بانی کی بہنیں اور منتخب نمائندے اڈیالہ پہنچے، سرد رات میں ہم پر پانی چھوڑ کر اور نفری بلا کر تشدد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء خواتین اور منتخب نمائندوں کے ساتھ کل جو ہوا وہ ظلم تھا، اسپیکر کے پی کے اسمبلی سے کہوں گا اس پر ایکشن لیا جائے۔