اسلام آباد میں کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک جام کےمسائل کے حل کے لیے وزارتِ داخلہ نے سیکٹر ڈی 12 میں عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دبئی طرز کا جدید کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسٹیڈیم شہر سے دور بنائے جانے سے ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہو گا، اسٹیڈیم کے قریب سیون اسٹار ہوٹل بھی تعمیر ہو گا، بین الاقوامی ٹیموں کے لیے رہائش کی سہولتیں شامل ہوں گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ جدید پارکنگ، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں کرکٹ اسٹیڈیم کے منصوبے کا حصہ ہوں گی، دبئی اسپورٹس کمپلیکس جیسے فیچرز اسلام آباد میں متعارف کروائے جائیں گے۔