وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کا کوئی دفاع نہیں کرسکتا، ایسا عمل بالکل نہیں ہونا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ موقع پر موجود لوگوں سے باز پرس ہونی چاہیے، ان کا مؤقف بھی لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے یہ طے ہو کہ تشدد ہوا ہے یا نہیں، خواتین پر تشدد کا کوئی دفاع نہیں کرسکتا، ایسا عمل بالکل نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر ملاقات نہیں ہونے دی گئی تو قانونی چارہ جوئی کریں، جس وجہ سے ملاقاتیں روکی گئی ہیں، اس کو عدالت میں غلط ثابت کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے ذریعے انارکی پھیلانے کی کوششوں پر ملاقاتیں روکی گئیں، پی ٹی آئی عدالت جائے اور وہاں مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اگریہ الزم ہے تو اس کو عدالت میں غلط ثابت کریں، ملاقات کی اجازت مل جائے، دھرنا دینے کے بجائے عدالت میں جانا چاہیے، درخواست دائر کریں۔