• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم نے نئے صوبے اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی، ترمیم کےلیے عوام میں جانے کا اعلان کردیا

خالد مقبول صدیقی—فیس بک فوٹو
خالد مقبول صدیقی—فیس بک فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)  پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے نئے صوبے اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی سے متعلق ترمیم کے لیے عوام میں جانے کا اعلان کردیا۔

،گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ17سال کے قبضے کو اب ختم ہونا چاہیے،  کراچی کے ماسٹر پلان کو کرپشن میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی  نے کہا کہ کراچی کے مستقبل پر شب خون مارا جا رہا ہے، کراچی کے ماسٹر پلان کو کرپشن میں تبدیل کیا جا رہا ہے، کراچی کے ترقیاتی کاموں کو ایم کیو ایم کے ایم این ایز اور ایم پی ایز مانیٹر کر رہے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں جاگیردارانہ جمہوریت ہے، آئین کا آرٹیکل 239 نئے ضلع اور صوبے بنانے کا کہتا ہے، آئین کہتا ہے کہ بلدیاتی حکومتیں قائم ہونی چاہئیں، عوام کو آئین کے مطابق ان کے حقوق دیں، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کا حق مقامی شہریوں کو ہونا چاہیے۔

سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ آج ایوان میں ایک جماعت کے سوا تمام جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، ہم تو کہہ رہے ہیں کہ آپ پیپلز پارٹی کے میئر کو طاقت دیں، کراچی لوٹ کا مال نہیں ہے، کراچی سندھ کے بجٹ کا 97 فیصد دیتا ہے، اگر عدالتیں بھی انصاف فراہم نہیں کریں گی تو سڑکوں پر جانے کا جمہوری حق استعمال کریں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم 18 ویں ترمیم کے خاتمے کا نہیں اس پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کر رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید