بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی پاکستان ائیر فورس اور پاکستانی طیارے جے ایف۔17 تھنڈر کے فین نکلے، بھارتی فوجیوں نے جے ایف۔17 تھنڈر کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
دبئی ائیر شو 2025 میں پاکستان کا جے ایف۔17 تھنڈر ایک بار پھر سب کی نگاہوں کا مرکز بن گیا۔
معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی کے بعد جہاں دنیا بھر میں پاک فضائیہ کی دھوم ہے، وہیں بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی پاک فضائیہ سے متاثر ہوگئے۔
دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس پاکستانی ہتھیاروں میں دلچسپی دکھائی۔
پاکستانی حکام کے مطابق اس موقع پر پاک فضائیہ کے پائلٹس کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو چائے کی دعوت بھی دی گئی۔
'آئیے آپ کو چائے پلائیں'
پاک فضائیہ کے پائلٹس کا کہنا تھا کہ 'آئیے آپ کو چائے پلائیں' ، جس پر بھارتی فوجیوں نے انتہائی شکریہ کے ساتھ معذرت کرلی اور بس پانی پر ہی اکتفا کیا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی مہمان آجائے تو ہماری طرف سے ویلکم ہی ہے۔
دوسری جانب بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی پاکستانی طیارے جے ایف۔17 تھنڈر کے فین نکلے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی پائلٹس اور فضائیہ کے اہلکار ڈسپلے ایریا میں جے ایف 17 تھنڈر کے ساتھ ذوق شوق کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھارتی فضائیہ پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔
ایکس پر ایک بھارتی صارف نے طنزیہ سوال کیا کہ 'پائلٹ ایک ساتھ ہنس سکتے ہیں لیکن کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاسکتے'۔
فیس بک پر ایک پاکستانی صارف نے تبصرہ کیا کہ ' پاک فضائیہ مہمانوں کے ساتھ پروفیشنل طریقے سے پیش آتی ہے اور انہیں 'فنٹاسٹک ٹی' پیش کرنے میں کوئی عار نہیں محسوس کرتی'۔