• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کی بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف پٹیشن، نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی

جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینوں کی بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف کی گئی پٹیشن پر دیئے گئے عدالتی حکم پر نیپرا کی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کی غیر اخلاقی اور نیپرا قوانین کے خلاف AT&C کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینوں اور سٹی کونسلرز کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

عدالتی احکامات کے مطابق نیپرا اسلام آباد کا اعلیٰ سطح کا وفد کراچی پہنچا اور جماعت اسلامی کے نمائندہ وفد سے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات میں نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینر نوید الٰہی شیخ (ڈائریکٹر جنرل کنزیومر افیئرز)، سفیر حسین (ٹیکنیکل کنسلٹنٹ)، عرفان احمد شیخ (ایڈیشنل ڈائریکٹر مانیٹرنگ و انفورسمنٹ) اور عابد حسین (انچارج نیپرا ریجنل آفس کراچی) موجود تھے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے چیئرمین کے الیکٹرک سیل و نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی کراچی عمران شاہد اور سٹی کونسل کے رکن تیمور احمد وفد میں شریک تھے۔

جماعت اسلامی کے وفد نے نیپرا کی تحقیقاتی ٹیم کو دستاویزی شواہد فراہم کیے۔

نیپرا حکام نے جماعت اسلامی کے وفد کو یقین دلایا کہ جمع شدہ مواد کی بنیاد پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ چند روز میں تیار کرکے سندھ ہائیکورٹ میں پیش کی جائے گی۔

جماعت اسلامی کراچی کے وفد نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کو ریلیف دلانے اور کے الیکٹرک کی من مانیاں روکنے کے لیے قانونی اور عوامی جدوجہد بدستور جاری رکھی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید