اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) جموں کشمیر لبرشن فرنٹ اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام کشمیری شہدا کی یادمیں اتوارکو مشعل برادر ریلی کااہتمام کیا گیا جس میں ریحانہ ملک، مشعال ملک،حریت لیڈر یاسین ملک کے ترجمان رفیق ڈار، سینئر لیڈر الطاف بٹ کے علاوہ سلیم ہارون، خواجہ منظور، محمد عابد،عارف کمال ثریا کمال اور سول سوسائٹی وکلا نے شرکت کی۔ریلی پریس کلب سے شروع ہوکر ایف سکس سپر مارکیٹ اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئ کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی جدوجہد تیز کریں اور ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں، بھارتی وزیراعظم دنیا بھر میں اپنے جھوٹ اور پروپیگنڈہ پرمبنی کشمیرکا موقف پیش کررہے ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کوچاہیے کہ وہ اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا کھل کر اظہارکریں تاکہ دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ نظر آسکے۔