قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج ہوں گے، تیاریاں مکمل کرلی گئی۔
لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، مظفرگڑھ اور ہری پور میں 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے عوام سے بلا خوف و خطر حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں9 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 96 میں 16 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ن لیگ کے طلال بدر چوہدری کا 15 آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہوگا۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے رائے حیدر علی کھرل کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 104 میں ن لیگ کے راجہ دانیال اور 4 آزاد امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔یہ نشست سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کی 9 مئی کیس میں سزا کے سبب خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد پی پی 116 میں ن لیگ کے رانا شہریار احمد اور 5 آزاد امیدوار مدمقابل ہیں۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے محمد اسماعیل سیلا کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
پی پی 98 چک جھمرہ میں 10 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ن لیگ کے آزاد علی تبسم اور آزاد امیدوار محمد اجمل چیمہ کےدرمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے جنید افضل ساہی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد پی پی 115 میں 5 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔ن لیگ کے طاہر جمیل اور 4 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔یہ نشست پی ٹی آئی کے شیخ شاہد جاوید کی نااہلی سے خالی ہوئی تھی۔
پی پی 269 مظفرگڑھ، کےضمنی انتخاب میں 17 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے علمدار عباس قریشی، آزاد امیدوار اقبال خان اور عبدالحئی دستی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ یہ نشست ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے قبل پی پی امیدوار کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی۔
سرگودھا پی پی 73 کوٹ مومن میں 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ن لیگ کے میاں سلطان علی رانجھا کا 4 آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہوگا۔یہ نشست پی ٹی آئی کے انصر اقبال ہرل کی 10 سال قید سزا اور نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔
این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ن لیگ کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔