اسلام آباد کے تھانہ سنبل کی حدود میں مبینہ طور پر بین الصوبائی ڈکیت گینگ نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے واقعے میں ایک مبینہ ڈکیت ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان 70 سے زائد سنگین وارداتوں میں پنجاب اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تھانہ سنبل پولیس گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ساتھیوں اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے جا رہی تھی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے ساتھیوں نے راستے میں پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی، تاہم پولیس افسران بلٹ پروف جیکٹ اور حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ رہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ساتھی ملزمان کی فائرنگ سے گرفتار ملزمان میں رحمٰن، عظمت اور عادل زخمی ہوئے۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ایک زخمی ملزم رحمٰن دم توڑ گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے بھیکی شیخو پورہ سنبل اور گولڑہ تھانوں سے چھینی گئی 3 موٹر سائیکل برآمد ہوئیں، ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے ان کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔