• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی آواز، تحفظ اور خواب اہم ہیں: خاتونِ اوّل آصفہ بھٹو زرداری

خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری—فائل فوٹو
خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری—فائل فوٹو

اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خواتین کی آواز اہم ہے، ان کا تحفظ اور خواب اہم ہیں۔

یہ بات انہوں نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے بین الاقوامی دن پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جہاں عورتیں خوف یا خاموشی کی زندگی گزاریں، وہ معاشرے ترقی نہیں کر سکتے، ریاستِ پاکستان تمام خواتین اور بچیوں کی عزت، حقوق اور حفاظت کے لیے پُرعزم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سزا سے بچ جانے کی ثقافت کو ختم کرنا انصاف کے لیے ضروری ہے، متاثرہ خواتین کے لیے بہتر مدد اور ہر سطح پر جوابدہی کے لیے مزید سخت قوانین اور ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں تعصب کے مقابلے میں احترام، خاموشی کے مقابلے میں ہمت اور غفلت کے مقابلے میں جوابدہی کو چننا ہو گا، آئندہ نسلوں کے لیے ایک زیادہ محفوظ اور زیادہ برابر معاشرے کا قیام ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی عورتوں کے لیے زیادہ سے زیادہ محفوظ ماحول سے مشروط ہے، پاکستان کے شہری، ادارے اور کمیونیٹیز خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں۔

خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں ایسا مستقبل بنانا ہو گا جہاں ہر عورت اور بچی خوف سے آزاد ہو اور مکمل مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

قومی خبریں سے مزید