اپنی شادی میں دلہن کو گدھا بطور تحفہ دینے والے یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اذلان شاہ نے اب پہلی اہلیہ کی رضامندی سے دوسری شادی کرنے کا اعلان کر دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اذلان شاہ نے دوسری شادی سے متعلق اعلان کیا ہے۔
انہوں نے انسٹااسٹوری میں لکھا کہ ایک اہم چیز ہے جو میں آپ سب سے شیئر کرنا چاہتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ بطور معروف شخصیت یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اس بارے میں خود بات کروں، اس سے پہلے کہ آپ کو یہ چیز کسی اور کے ذریعے معلوم ہو۔
یوٹیوبر کا کہنا ہے کہ یہ کافی عجیب ہے لیکن میں دوبارہ شادی کر رہا ہوں، میری اہلیہ نے اس حوالے سے رضامندی دے دی ہے۔ اس لیے میری فیملی کو ان سب سے دور رکھیں، یہ میرا ذاتی معاملہ ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام میں انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کی درخواست بھی کی۔
واضح رہے کہ یوٹیوبر اذلان شاہ معروف اداکار مرحوم شبیر رانا کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے 2022 میں شادی کی تھی، دونوں کے ہاں ایک 2 سالہ بیٹی ہے۔