ہانگ کانگ کے ایک رہائشی کمپلیکس میں لگی تاریخ کی بدترین آگ بالآخر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجھا دی گئی، آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 128 تک جا پہنچی۔
حکومتی ترجمان کے مطابق فائر فائٹنگ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور عمارت کو مکمل طور پر کول ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس ہولناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 128 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 200 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے، 12 فائر فائٹرز سمیت 79 افراد زخمی ہیں جس میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
سیکیورٹی چیف کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے اور لاشوں کی تلاش کا کام ختم کر دیا گیا ہے۔
حکام نے تصدیق کی کہ متاثرہ عمارتوں کے فائر الارم درست طریقے سے کام نہیں کر رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق تزئین و آرائش کے دوران استعمال ہونے والی بانس کی اسکیفولڈنگ (bamboo scaffolding) اور پلاسٹک میش (plastic mesh) آگ پھیلنے کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہانگ کانگ کی حالیہ تاریخ کی سب سے تباہ کن آگ قرار دیا جا رہا ہے۔