معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ مقبول انگلش سیریز ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے آخری سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
اسٹرینجر تھنگز کے آخری سیزن کا آغاز ہوتے ہی سیریز کی کاسٹ میں موجود کچھ اداکاروں کے صہیونی نظریے کی حمایت میں دیے بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین اس سیریز کا مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کے اس طرح کے ردِعمل کا آغاز 7 اکتوبر سے ہوا جب اس سیریز میں وِل بائرز کا کردار نبھانے والے اداکار نوح شناپ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ایک یہودی امریکی ہونے کی حیثیت سے میں اسرائیل میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے خوفزدہ ہوں جنہیں حماس نے بہت بے دردی سے نشانہ بنایا ہے۔
اداکار نے مزید لکھا تھا کہ معصوم بچوں، عورتوں اور اپنے دفاع کے لیے لڑنے والے فوجیوں کے سفاک قتل کو دیکھ کر ان کا دل ٹوٹ گیا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا تھا کہ میں دیگر لوگوں کی طرح فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کے لیے امن چاہتا ہوں۔
نوح شناپ نے اپنی اس پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل آنے پر اسے ڈیلیٹ کر دیا تھا۔