خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں رواں سال اب تک 517 افراد قتل کیے جا چکے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کو موصول پولیس رپورٹ کے مطابق پشاور میں 517 افراد کے قتل کے ساتھ اقدام قتل کے 785 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے پہلے 3 ہفتے میں 9 افراد قتل ہوئے، اسٹریٹ کرائمز کے دوران راہزنوں نے 10 شہریوں کو زخمی کیا۔
صوبے کے سب سے بڑے شہر میں 8 بچوں سمیت 37 افراد اغوا ہوئے، ان میں اغواء برائے تاوان کے 9 واقعات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق چوری ڈکیتی کے 370 واقعات مختلف تھانوں میں درج ہوئے ہیں، کاری چوری کے 89، کار چھیننے کے 40 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں موٹر سائیکل چوری کے 219 اور موٹر سائیکل چھیننے کے 314 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔