پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شفیع جان نے کہا ہے کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تحفظات ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شفیع جان نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے خود کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللّٰہ کو بانی پی ٹی آئی سے خوف ہے، پچھلے دنوں بانی چیئرمین کی صحت سے متعلق رپورٹس آئیں، جو تشویشناک ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم عوام کے پاس جائیں گے اور بتائیں گے کہ ہم نے تمام راستے اپنالیے لیکن ملاقات نہیں کرائی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تحفظات ہیں، ہماری پوری لیڈرشپ کل اڈیالا کے باہر موجود تھی، وہاں ہم نے علامتی دھرنا دیا۔
شفیع جان نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خواہش کا اظہار کیا کہ چیف جسٹس سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی حکومت کےلیے خوف کی علامت بن چکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جہاں خیبر پختونخوا کی حدود ختم ہوتی ہے یہ لوگ ہم پر تشدد کرتے ہیں؟ حکومت میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت لے کر آئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ پر موجود ہے کہ نواز شریف سے ایک روز میں 120 لوگوں نے ملاقات کی، ہم عوام کے پاس جائیں گے اور ساری صورتحال بتائیں گے۔
شفیع جان نے کہا کہ احتجاج کےلیے ہمیں ملاقات کی ضرورت نہیں، علی امین کو تبدیل کرنا تھا اس کا میسج آگیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا ہم نے اس لیے دیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ لے کر یہاں تک پہنچا ہوں۔