(اردو ادب کا عرفان اور فکر و نظر کا عنوان)
مصنّف: ڈاکٹر مختار احمد ظفر چوہدری
صفحات: 144، قیمت: 1000روپے
ناشر: گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 6100784 - 0333
ڈاکٹر اسلم انصاری کا شمار یگانۂ روزگار ادبی شخصیات میں ہوتا تھا۔ اہالیانِ ملتان کے لیے بڑے فخر و انبساط کی بات ہے کہ وہ تمام زندگی ملتان ہی میں رہے اور اپنی علمی و ادبی بصیرت سے نوواردانِ ادب کو سیراب کیا۔وہ بنیادی طور پر شاعر تھے، لیکن اُنہوں نے اُردو، فارسی، انگریزی اور سرائیکی میں تحقیقی و تنقیدی کام بھی کیا، ناول لکھے اور افسانہ نگاری بھی کی۔
زیرِ نظر کتاب ملتان ہی کے ایک محقّق، نقّاد، مصنّف اور مولف، ڈاکٹر مختار احمد ظفر نے تصنیف کی ہے۔ کتاب دو حصّوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصّے میں ڈاکٹر مختار احمد ظفر کی وہ قلمی کاوشیں شامل ہیں، جو اُنہوں نے ڈاکٹر اسلم انصاری کی نگارشات پر لکھیں،جب کہ دوسرے حصّے میں ڈاکٹر اسلم انصاری کی وہ تحریریں شامل ہیں، جو اُنہوں نے ڈاکٹر مختار احمد ظفر کے حوالے سے تحریر کیں۔
کتاب میں ڈاکٹر اسلم انصاری سے ایک مکالمہ بھی شامل ہے۔ زیرِ نظر کتاب نے ڈاکٹر اسلم انصاری فہمی کا باب وا کیا ہے۔ یقیناً یہ کتاب اُن کی شعری اور نثری نگارشات کی تفہیم کے لیے اہم اور مفید ثابت ہوگی، بلکہ خود ڈاکٹر مختار احمد ظفر کے تحقیقی، تنقیدی اور تالیفی کارنامے اجاگر کرنے کا باعث بنے گی۔ کتاب میں ڈاکٹر انوار احمد اور ڈاکٹر اے بی اشرف کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں۔