بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہمشیرہ عظمیٰ خان نے عمران خان کی صحت ٹھیک ہونے کی تصدیق کردی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد عظمیٰ خان جیل سے باہر آئیں اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
عظمیٰ خان نے مزید کہا کہ وہ اپنے دیگر دو بہنوں سے مشاورت کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات کریں گی۔
اس سے قبل علیمہ خان نے فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایک ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، یہ بانی پی ٹی آئی سے ان کی فیملی کی ملاقات سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ بھائی سے ملنے کا ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے، جب تک ملاقات نہیں کروائیں گے ہم انتظار کرتے رہیں گے۔
گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کہا تھا کہ اگر وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کل کوئی مظاہرہ نہ ہو، کوئی دھرنا نہ ہو تو شام 4 بجے تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروا دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو آئیسولیشن میں رکھا ہوا ہے۔