• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکا،40افراد جاں بحق

Blast Kills Dozens In Quetta
سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے سے40افراد جاں بحق اور20سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں بلوچستان بار کے سابق صدرباز محمد کاکڑ بھی شامل ہیں۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آوازدور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔وزیر اعظم نواز شریف نے صوبائی حکومت کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

کوئٹہ کے علاقے منوجان روڈ پر بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلاول انور کاسی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے، ان کی میت سول اسپتال لائی گئی تھی ، جس کی وجہ سے وکلا کی بڑی تعداد اسپتال میں موجود تھی کہ اسپتال کی شعبہ حادثات کے بیرونی دروازے پر زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

دھماکے کے نتیجے میں40افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں بلوچستان بار کے سابق صدرباز محمد کاکڑ اورآج نیوزکا کیمرہ مین شہزاد بھی شامل ہے، جبکہ ڈان نیوز کے کیمرہ مین سمیت 20سے زائد افراد زخمی ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے بعد اسپتال میں افراتفری مچ گئی اورلوگ اپنی جان بچانے ادھر ادھر بھاگنے لگے،اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

سیکورٹی اور ریسکیو ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور اسپتال کے داخلی دروازے بند کرکے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کوواقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار ی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی کو صوبے کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحے کے خلاف ملک بھر میں ایک ہفتے سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
تازہ ترین