• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائٹ ہاؤس کابینہ اجلاس کے دوران ٹرمپ کی جھپکیاں، ویڈیو وائرل

تصاویر: بین الاقوامی میڈیا
تصاویر: بین الاقوامی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے، سوشل میڈیا پر وائٹ ہاؤس میں ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران اونگنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو گھنٹے 18 منٹ طویل اجلاس کے دوران 79 سالہ ٹرمپ کئی بار آگے اور پیچھے جھولتے ہوئے اپنی آنکھیں کھلی رکھنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

 صارفین نے نشاندہی کی کہ صدر واضح طور پر نیند سے لڑتے نظر آئے، جب کہ کابینہ ارکان اپنی کارکردگی پر بریفنگ دے رہے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے اجلاس کی ابتدا ہی میڈیا پر تنقید سے کی، یہ کہتے ہوئے کہ صحافتی حلقے ان کی عمر سے جڑے خدشات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔

صحافیوں نے جب وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرو لائن لیوِٹ سے پوچھا کہ کیا ٹرمپ واقعی سو گئے تھے، تو انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صدر نے پوری توجہ کے ساتھ اجلاس کی قیادت کی۔

اس سے قبل بھی 6 نومبر کو اوول آفس میں انہیں چند لمحوں کے لیے آنکھیں بند کرتے دیکھا گیا تھا، جس پر امریکی میڈیا میں ان کی فٹنس اور توانائی سے متعلق مزید بحث چھڑی تھی۔

ٹرمپ حالیہ دنوں میں اپنی صحت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر شدید برہمی کا اظہار کر چکے ہیں، اسی دوران وائٹ ہاؤس کی جانب سے ڈاکٹرز کے ایڈوانسڈ امیجنگ ٹیسٹ کی تفصیلات جاری کی گئیں، جس میں صدر کی مجموعی صحت کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید