وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے موقع گنوا دیا، اب بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عطا تارڑ سے استفسار کیا گیا کہ کیا اب پی ٹی آئی کے ساتھ مفاہمت کا وقت ختم ہوگیا، اب کوئی گنجائش نہیں؟
اس پر وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ انہوں نے موقع گنوا دیا، اب کسی انتشاری، دہشت گرد، انتہاپسند سوچ رکھنے والے سے کوئی بات چیت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر بات کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں ضرور بات کریں، آئیں معذرت کریں اور کہیں کہ آپ کے لیڈر نے ایسے گندے بیانات دیے ہیں، شرمندگی کا اظہار کریں پھر غور کیا جاسکتا ہے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنا موقع گنوادیا ہے اس کے علاوہ اب بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں۔
عطا تارڑ کا پی ٹی آئی پر پابندی کے سوال پر کہنا تھا کہ مرے ہوئے کو کیا مارنا ان کے پاس نہ نشان ہے نہ جماعت ہے، ملک کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے، ان کا اب کوئی مستقبل نہیں، ان کا سیاسی اسپیس اور بیانیہ محدود کیا جائے گا۔