انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے دی ہنڈریڈ میں شمولیت پر وضاحت جاری کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے کی خبروں کی تردید کر دی۔
انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور دی ہنڈیرڈ کی تمام 8 فرنچائزز نے مشترکہ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کو ہر لحاظ سے جامع، خوش آئند اور سب کے لیے قابلِ رسائی رکھا جائے گا اور کسی بھی کھلاڑی کو قومیت کی بنیاد پر خارج نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دی ہنڈریڈ کا قیام نئے شائقین تک رسائی، کرکٹ کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور ہر نسل، مذہب، جنس اور پسِ منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو کھیل میں شمولیت کا احساس دلانے کے مقصد سے عمل میں لایا گیا تھا، یہ اصول ابتداء سے ہی ٹورنامنٹ کی بنیاد رہا ہے اور آئندہ بھی برقرار رہے گا۔
ای سی بی نے واضح کیا کہ بطور نگراں ادارہ وہ امتیازی سلوک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتا ہے اور اس حوالے سے سخت ضوابط نافذ ہیں۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب صرف کارکردگی، دستیابی اور اسکواڈ کی ضرورت کو مدِنظر رکھ کر کیا جائے گا، نہ کہ قومیت کی بنیاد پر۔
ای سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ دی ہنڈریڈ میں دنیا بھر سے بہترین ٹیلنٹ شریک ہو اور ٹورنامنٹ کو شمولیت اور برابری کی مثال بنایا جائے۔
یاد رہے کہ یہ وضاحت برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی ان رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دی ہنڈریڈ کی چند فرنچائزز، جن میں سے بعض میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے منسلک سرمایہ کاروں کی جزوی ملکیت شامل ہے، آئندہ ماہ ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر سکتی ہیں۔