وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ان حوصلوں اور قربانیوں کی داستانیں ان کو بھی سنائیں جو کہتے ہیں’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اس پاکستان کے لیے آگ و خون کا دریا عبور کرنا پڑا تھا، لاکھوں شہید ہوئے، لاکھوں عصمتیں لٹیں، لاکھوں دشمن کے ہاتھوں اغوا ہوگئیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیالکوٹ آئیں، میں آپ کو جموں و کشمیر کے مہاجروں کی قربانیوں کی داستانیں سنواؤں، حامد میر سے سنیں کہ اس کے نانا نے جموں و کشمیر سے ہجرت کی قیمت کیا ادا کی؟
خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کے محلوں گلیوں اور چناب کنارے آباد ان مہاجروں سے پوچھیں، مہاجروں نے رسولﷺ آقائے دو جہاں کی سنت کس طرح ادا کی، مہاجروں نے کس طرح خون کی لکیر کو عبور کرکے پاک سر زمین پر سجدے کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان نہیں تو ہم نہیں‘ یہ وہ نعرہ جو آج دہشت گردی اور بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے شہیدوں اور غازیوں کی زبان پر ہے، پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔