• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنری اور سامارو کو میر پور خاص سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پانی میں بہہ جانے سے ٹریفک معطل

سامارو(نامہ نگار) ضلع عمرکوٹ کی دو تحصیلوں کنری اور سامارو کو ضلع میرپورخاص سمیت ملک بھر سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر مقامی  شوگر مل کے نزدیک محکمہ آب پاشی کی کوٹ غلام محمد مائنز پرقائم پل کے دونوں طرف کی مٹی گزشتہ چند روز سے مسلسل شدید بارشوں کے بعد مقامی زمینداروں کی جانب سے پانی کا راستہ روکنے اور محکمہ پراونشیل ہائی ویز کی مبینہ غفلت وبدعنوانی اور غیر معیاری کام کے باعث پانی میں بہہ جانے سے مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے۔ پل کے اطراف کی مٹی بہہ جانے سے دونوں طرف کئی کئی فٹ گہرے گڑھے بن جانے سے پل کی حالت انتہائی مخدوش ہوگئی ہے اورپل کے اوپر سے  ہر قسم کا ٹریفک بند ہوجانے سے علاقہ مکینوں اور مسافروں کو شدید مشکلات وپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گاڑیوں میں سوار مسافر پیدل پل پار کرکے دوسری جانب کھڑی گاڑیوں میں سوار ہوکر اپنی منزل کو جانے پہ مجبور ہیں جبکہ مال بردار ٹرک ودیگر گاڑیاں سو کلومیٹر سے زائدطویل راستہ اختیار کررہی ہیں اور چھوٹی گاڑیاں قریبی دیہات سے گزر کر جانے پہ مجبور ہیں ۔یاد رہے کہ مذکورہ پل گزشتہ چند برسوں میں محکمہ پراونشیل ہائی ویز کی نااہلی کے باعث کئی مرتبہ تعمیر کیا جاچکا ہے اور ہر سال بارشوں میں پل ٹوٹ پھوٹ جاتا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ شاہراہ کے ذریعے کنری وسامارو تحصیلوں میں کاشت کی جانے والی فصلیں اور سرخ مرچ کی منڈی سے مرچ کی تجارت مذکورہ راستے سے ہی ہوتی ہے۔دوسری جانب تاحال انتظامیہ کی جانب سے متبادل راستہ بنانے کی کسی قسم کی کوئی کوشش دیکھنے میں نہیں آرہی ہے۔
تازہ ترین