وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بانی سے متعلق ریاستی ادارے کا دو ٹوک پوزیشن لینا قابل تحسین ہے۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور مہم چلانے والا شخص کسی رعایت کا مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 دسمبر کی ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پوری قوم کی دل کی آواز ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خود کو عقلِ کل سمجھنے والا یہ شخص بھول گیا تھا، وہ مخصوص قوتوں کا تراشہ ہوا ’لیڈر‘ تھا، ترجمان پاک فوج نے اس کا پورا چہرہ قوم کے سامنے رکھ دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے خلاف جھوٹا بیانیہ اور زہریلی مہم چلانے والا شخص کسی رعایت کا مستحق نہیں، آزادیٔ اظہار کبھی بھی ملکی سالمیت سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔
اویس لغاری نے کہا کہ آزادیٔ اظہار کی آڑ میں دشمن مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرأت مندانہ، محبِ وطن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 گنا زیادہ طاقت ور دشمن کو شکستِ فاش دے کر فیلڈ مارشل نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، شاندار فتح سے پوری دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف واضح پالیسی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا قابلِ فخر کارنامہ ہے، پاکستان اُن کی عسکری قیادت میں مزید ترقی کرے گا اور باوقار ہو گا۔