کراچی (اسٹاف رپورٹر) شفق العین اور عبیرہ شیخ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ایچ ای سی نےقومی خواتین ہاکی چیمپئن شپ میں سندھ وائٹ کو 12-0 کی بڑی شکست دیدی۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں سندھ وائٹ اور ایچ ای سی کے درمیان کھیلا گیا میچ یک طرفہ رہا جس میں ایچ ای سی نے 12-0 کی فتح حاصل کی۔ شفق العین اور عبیرہ شیخ نے چار چار، سحرش وحید، قرۃ العین، رخسانہ شوکت اور بشرہ نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرا میچ پنجاب وائٹ اور سندھ کلر کے درمیان کھیلا گیا جس میں سندھ کلر نے 4-0 کی فتح اپنے نام کی۔ میچ کی مہمانِ خصوصی محترمہ سحرش قمر ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر تھیں۔ سندھ کلر کی جانب سے تہمینہ غلام مصطفی نے دوکشمالہ اور مومل نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ تیسرے میچ میں پاکستان واپڈا نے بلوچستان11-0 سے شکست دی۔ افشاں نوریں نے چار، عشرت عباس اور تابندہ صفدر نے دو دو، حنا پرویز، سدرہ کنول اور امبرین ارشد نے ایک ایک گول اسکور کیا۔